یا الٰہی امتِ خیر الوریٰ ﷺ کی خیر ہو
نعت شریف
یا الٰہی امتِ خیر الوریٰ ﷺ کی خیر ہو
بے سہارا , غمزدہ , ہر بے نوا کی خیر ہو
آپ ﷺ کے صدقے خدا سے رزق پاتا ہے جہاں
آپ ﷺ کے لطف و عطا جود و سخا کی خیر ہو
ذکرِ احمد ﷺ کی سجاتے ہیں سدا جو محفلیں
عشق سے سرشار ان اہلِ ولا کی خیر ہو
راہِ حق میں دین کی تبلیغ پر جو گامزن
"ہر قدم پر عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ کی خیر ہو"
جس کے صدقے سے زمیں پر ہر نگر آباد ہے
شہرِ طیبہ کی حسیں نوری فضا کی خیر ہو
لے کے چادر میں علی,حسنین,زہرا کو حضورﷺ
کہتے ہیں ، یا رب ، مری آلِ عبا کی خیر ہو
جس کو سن کے مومنوں کے دل سدا مسرور ہیں
رحمتِ عالم ﷺ کے ہر مدحت سرا کی خیر ہو
نعمتیں ہوتی رہیں ان پر عنایت بے بہا
مصطفیٰ ﷺ کے در پہ آئے ہر گدا کی خیر ہو
عنایت علی عنایت ، فیصل آباد
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں