انگلیوں میں قلم رقص کرنے لگا اور سیاہی میں کچھ روشنی آگئی

نعت سرورِ کونین ﷺ .... محمد مختار علی ۔ خطاط و شاعر  ۔ ملتان
  *** **************۱۰ ۔ ربیع الاول ۲۰۲۳  *****************
انگلیوں میں قلم رقص کرنے لگا اور سیاہی میں کچھ روشنی آگئی  
مشق کرتا رہا اسم احمد کی میں مجھ کو یونہی نہیں خوشخطی آگئی 
نعت کہنے کو کچھ لفظ یکجا کئے پھر انہیں آنسوؤں میں بھگویا گیا
عشق کی ڈور میں جب پرویا انہیں مجھ سیہ کار کو شاعری آگئی 
ہم درودوں کی محفل میں جس پل گئے لفظ مدحت کے سانچوں میں خود ڈھل گئے
سب نے دیکھا ہماری پذیرائی کو آسماں سے سخن کی پری آگئی
خوش نویسانہ لکھتا تھا ہر نعت میں خوش سلیقانہ کہتا تھا ہر بات میں
میں نے جب ان کے در کا تہیہ کیا خود بخود سامنے وہ گلی اگئی
ہیں وہ سرکار بھی ہیں وہ مختار بھی ہیں وہ سید بھی نبیوں کے سردار بھی 
ان کی مدحت میں قرآں اتارا گیا ان کی عترت میں ہر  آگہی آگئی
مدح سرکار میں اب کوئی کیا کہے خود خدا نے درود ان پہ بھیجا کئے
 جو بھی مصرع کہا آپ کی شان میں اس کے ہر لفظ میں تازگی آگئی 
بارگاہِ رسالت میں یہ شاعری میرے دل پر خدا نے قلم بند کی
میرے اس شعر میں حمد بھی آگئئ میرے اس شعر میں نعت بھی آگئی

تبصرے

مشہور اشاعتیں