مدینے کا مجھے ہر اک وہ منظر یاد آتا ہے

نعت شریف

مدینے کا مجھے ہر اک وہ منظر یاد آتا ہے
 بہت ہی یاد آتا ہے، برابر یاد آتا ہے

وہاں سُفرہ جو لگتا ہے، وہ لنگر کملیﷺ والے کا
وہی افطار کا منظر وہ اکثر یاد آتا ہے

مری دھڑکن میں بستی ہیں وہی صبحیں مدینے کی
سہانا شام کا منظر، مکرَّر یاد آتا ہے

پڑھو والیل سورۃ کو، بھلے والفجر پیاری ہو
نبئِ پاک ﷺ کا روئے منور یاد آتا ہے

مری آنکھیں برستی ہیں مرا دل خون روتا ہے
حسینِؓ پاک کی گردن پہ خنجر یاد آتا ہے

خیالوں میں چلا جاؤں اگر بیت المقدس میں
تمامی پاک نبیوںؑ کا وہ سرور ﷺ یاد آتا ہے

مدینے پاک میں شاؔہد، نبیﷺ کے پاک روضے پر
ابو ذر ؓ کا، سلیماں ؓ کا، مقدر یاد آتا ہے

محمدشبیرشاؔہدمہروی

تبصرے

مشہور اشاعتیں