جب بھی مرے خیال میں چمکا نبیﷺ کا شہر

نعت شریف

جب بھی مرے خیال میں چمکا نبیﷺ کا شہر
کرتا ہے زندگی میں اجالا نبی ﷺ کا شہر

خوشبو بھری فضاؤں سے مہکا نبیﷺ کا شہر
دھرتی پہ مثلِ خلد ہے پیارا نبی ﷺ کا شہر

خلاقِ دو جہان کا شہکارِ بے مثال
تصویرِ زندگی ہے سجاتا ﷺ نبی کا شہر

رحمت کی صبح و شام برستی ہیں بارشیں
نوری تجلیوں نے سجایا نبی ﷺ کا شہر

آئیں جہاں سلامی کو غلمان و انبیا
کچھ اس قدر ہے شان میں اعلیٰ نبیﷺ کا شہر

اے دل ! ذرا سنبھل کہ ہے منزل قریب تر
" وہ دیکھ سامنے ہے مدینہ نبی ﷺ کا شہر "

جاگا ہوا ہے آنکھ میں منظر وہ آج تک
جس رات سے ہے خواب میں دیکھا نبیﷺ کا شہر

آباد سارے شہر ہیں جس کے طفیل سے
دنیا میں ہے وہ شہر نرالا نبیﷺ کا شہر

یہ فیضِ مصطفیٰ ﷺ کی عنایت ہے زائرو
جنت کا راستہ ہے دکھاتا نبی ﷺ کا شہر

عنایت علی عنایت فیصل آباد

تبصرے

مشہور اشاعتیں