سہرا_ آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا

طرز:(خوش رہے تُو سدا یہ دعا ہے مری)
(تم اگر ساتھ دینے کا وعدہ کرو)
(زندگی کا سفر ہے یہ کیسا سفر)
*فاعلن فاعلن فاعلن فاعلن*


*سہرا*

آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا
چہرہ زینت کابھی پھول جیسا کِھلا
آسمانوں میں پیارا یہ جوڑا بنا
بد نظر سے خدایا تو اس کو بچا

وہ سدا خوش رہے یہ ہے میری دعا
آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا
چہرہ زینت کا بھی پھول جیسا کِھلا 

زندگی کی نئی اب شروعات ہے
اک نئی ہمسفر سے ملاقات ہے
آئی کتنی حسیں دیکھو بارات ہے
آج خوشیوں کی تم پر تو سوغات ہے

آج کا یہ سماں، ہے بہت خوش نما
آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا
چہرہ زینت کا بھی پھول جیسا کِھلا

ہو دلوں میں محبت، یہ ہے آرزو
ہو خدا کی بھی رحمت، یہ ہے آرزو
ہم سبھی کو ہو راحت، یہ ہے آرزو
گھر لگے میرا جنت، یہ ہے آرزو

میرے بیٹے کے سر ہے یہ سہرا سجا
آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا
چہرہ زینت کا بھی پھول جیسا کِھلا 

لاڈلا میرا بیٹا مِری جان ہے
ہرخوشی ہے مِری اؤر پہچان ہے
ہو دلوں میں محبت یہ ارمان ہے
اے مِرے رب تِرا ہی یہ احسان ہے

مجھ سے ہرگز کبھی بھی نہ ہونا خفا
آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا
چہرہ زینت کا بھی پھول جیسا کِھلا

پیار ماں باپ سے کم نہ ہو، ہے دعا
بھائی بہنوں کو چاہت ملے، ہے دعا
گھر میں آکے بہو خوش رہے، ہے دعا
گھر کے ماحول کو خوش کرے، ہے دعا

مت ہمیں بھول جانا یہ ہے التجا
آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا
چہرہ زینت کا بھی پھول جیسا کِھلا

پیار بیٹے تِرا خوب پھولے پھلے
گھر میں برکت بہو کے قدم سے رہے
زندگی میں نہ ہو کوئی شکوے گِلے
کوئی بھی غم کبھی بھی نہ تجھ کو مِلے

ہے یہ ماں باپ کی آج اختر دعا
آج معراج بیٹا ہے دولہا بنا
چہرہ زینت کا بھی پھول جیسا کِھلا 

✍️نعیم اختر حیدرآبادی

تبصرے

مشہور اشاعتیں